آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نظام مملکت آئین کی مضبوط بنیادوں پر کھڑا ہوتا ہے اور یہ بنیادیں اسی وقت مضبوط رہ سکتی ہیں جب ہر شخص اور ادارہ اس کا احترام کرے اور اپنی آئینی و قانونی حدود کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کام کرے۔ آرمی چیف کی تعیناتی پسند نا پسند کی بجائے میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر ہونی چاہیے تاکہ ملک کے اندر سیاسی استحکام آئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور اور فیصل آباد میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات اور بالخصوص معاشی مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ لوگوں کو کسی بھی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ ہر طرف کرپشن کی داستانیں سنائی دیتی ہیں۔ افراتفری اور انتشار کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ اداروں اور معزز شخصیات کے خلاف ٹوئٹر ٹرینڈ چلا کر کردار کشی ہورہی ہے،یہ تمام حربے جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان سیاسی چپقلش کا نقصان براہ راست عوام کو پہنچ رہا ہے۔ ملک میں پیناڈول سمیت جان بچانے والی ادویات ایک ایک کرکے غائب ہورہی ہیں، ذخیرہ اندوز عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ انتظامیہ خواب خرگوش میں مصروف ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ ناقص حکمت اور ڈنگ ٹپائو فیصلوں نے عوام کو گہری کھائی میں دھکیل دیا ہے۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی سے عوام کو ریلیف مسیر ہو۔جمہوری نظام کو مستحکم بنانے کے لئے عام انتخابات سے قبل اصلاحات ناگزیر ہیں