حکومت کا سود پر اپیلیں واپس لینے کا اعلان خوش آئند لیکن اس پر عمل درآمد کے لیے ٹال مٹول سے کام نہ لیا جائے، حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ حکومت کا سود پر اپیلیں واپس لینے کا اعلان خوش آئند لیکن اس پر عمل درآمد کے لیے ٹال مٹول سے کام نہ لیا جائے۔ سود سے پاک معیشت ہی ملک میں خوشحالی لا سکتی ہے۔ امت کی پریشانیوں کا حل قرآن و سنت کے نظام پر عمل پیرا ہونے سے ہے۔ معاشرہ سود اور دیگر معاشرتی بیماریوں کا شکار،حکمران انھیں مزید ہوا دے رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ملک میں غربت اور بے روزگاری پر قابو پانے کی بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے پر کاربند ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ باہمی افہام تفہیم سے مسائل کا حل تلاش کریں تاکہ ملک میں مزید انتشار نہ پھیلے۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں بلکہ ایمان دار قیادت کا فقدان ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیںگے۔ نبوت کے غداروں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔ صحابہ کرام کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ دشمنوں کی سازشوں کی وجہ سے امت پارہ پارہ ہے۔ یہود و نصاریٰ نے ایک سازش کے تحت ملک کی معیشت تباہ کر دی اور مسلمانوں کو غلامی و پسپائی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج کشمیر، فلسطین اور برما کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، اسلامی ممالک کے حکمران صرف مذمتوں کی حد تک ان کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے اور حکمرانوں کو آپس کی لڑائیوں سے فرصت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے، قوم ساتھ دے۔جماعت اسلامی ایسا معاشرہ تعمیر کرنا چاہتی ہے جس میں ہر فرد کو انصاف اور روزگار ملے۔