سراج الحق کی قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل جیتنے پر مبارک باد، فائنل میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل جیتنے پر ڈھیروں مبارک باداور فائنل میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت، نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف و دیگر قیادت نے اوپنر بلے بازوں کیپٹن بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کے ساتھ ساتھ نئے ابھرتے بلے باز محمد حارث اور پاکستانی بولرز کو اہم ترین میچ میں شاندار کارکردگی پر خصوصی مبارک باد دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ اس موقع پر جب ملک سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار ہے، قومی کرکٹ ٹیم نے عوام کو شاندار خوشی فراہم کی ہے۔ انھوں نے امید کا اظہار کیا کہ بابر الیون فائنل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک میں ورلڈ کپ لائے گی۔