عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی بجٹ کا صرف 30فیصد استعمال قابل افسوس ہے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں ۔ مسائل کے انبار لگ گئے ہیں، مگر ریلیف نام کی کوئی چیز نہیں۔ لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی اداروں میں رشوت دینا پڑتی ہے۔ بیشتر سرکاری ادارے ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ 4ماہ کے دوران 3.45کھرب میں سے صرف ایک کھرب 7ارب ہی عوام کی فلاح وبہبود کے لئے خرچ ہوئے جو کہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حکمرانوں کو عوام کی ترقی و خوشحالی سے غرض ہے اور نہ ہی اداروں میں ایسے لوگ موجود ہیں جو حقیقی معنوں میں کام کرنا چاہتے ہوں۔ان لوگوں سے نجات حاصل کرنی ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کے سربراہان کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ لوگ کام کی بجائے سرکاری مراعات انجوائے کرنے کے لیے تعینات کئے گئے ہیں۔ کالی بھیڑوں نے منافع بخش اداروں کا ستیاناس کرکے رکھ دیا ہے، کرپٹ اور نا اہل افرادسے اداروں کو پاک کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بد عنوانی جمہوریت اور معاشرہ دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون کو ختم کرنا ہوگا۔ فرسودہ نظام ملک و قوم کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ ملک و قوم کی تقدیر کے فیصلے کررہی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ملک ہے مگر حکمرانوں کی ناقص حکمرانی اور کرپشن کے باعث مسائل کی دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے مستقبل کومحفوظ بنانے کے لیے پڑھی لکھی ایماندار اور محب وطن قیادت کو آگے لایا جائے۔