سی پی این ای کی عمران خان کی جانب سے وزیر آباد حملے میں صحافیوں کو ملوث کرنے کی کوشش کی مذمت


کراچی ( صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سیاسی جماعتوں اور ان کے سربراہان کی طرف سے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے صحافتی اداروں و صحافی حضرات کو بدنام کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سی پی این ای کے صدر کاظم خان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سینئر صحافی حامد میر سمیت چند صحافیوں کو بلا تحقیق وزیر آباد واقعہ سے منسلک کرنے کے معاملے پر کہا ہے کہ خبر کی دوڑ میں ہر مستند صحافی سب سے پہلے خبر دینے کو اعزاز سمجھتا ہے ۔

مذکورہ بالا صحافیوں نے اپنے ذرائع سے تصدیق کے بعد ہی خبر کو جاری کیا جسے کسی سازش یا گٹھ جوڑ سے منسلک کرنا زیادتی ہے جسکی سی پی این ای پر زور مذمت کرتی ہے۔