پولیس اور قانون نافذ کر نیوالے اداروں پر حکومتوں کا دبائو نظام کوتباہ کر دیگا ،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کر نیوالے اداروں پر حکومتوں کا دبائو نظام کوتباہ کر دیگا۔

لیاقت بلوچ نے آزاد جموں و کشمیر جماعتِ اسلامی کے امیر ڈاکٹر خالد محمود، جنرل سیکرٹری تنویر انور خان اور سابق امیر و سابق ممبر قانون سازی اسمبلی سے ملاقات میں کہا کہ وزیرآباد واقعہ پر پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کی کشمکش میں مقدمہ بھی درج نہ ہوسکا، اِس پر بھی سپریم کورٹ کو حکم جاری کرنا پڑا۔ سیاسی حکومتیں خود اپنے آپ کو نااہل ثابت کرکے بے نقاب ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حکومتوں اور ریاستی اداروں کا دبائو نظام کوملیامیٹ کردے گا، آزاد عدلیہ، قانون کی بالادستی، تحقیقات اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کے پابند، آزاد ماحول میں کام کریں تو عوام کو انصاف کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔ اب تو عدالتیں بھی پکار اٹھی ہیں کہ ملک پر قانون نہیں بگڑے اشرافیہ کا قبضہ ہے۔ ریاستی طاقت ور ادارے اور نااہل سیاسی جمہوری حکمران اِس المناک صورتِ حال کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں عوام آزادی کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ فاشسٹ بھارت کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کررہا ہے۔ نام نہاد انتخابات میں من پسند نتائج کے لئے ہر غلط راستہ اختیار کیا جارہا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کی قیادت باہم دست و گریباں ہے اور مظلوم کشمیریوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔

ڈاکٹر خالد محمود نے آگاہ کیا کہ جماعتِ اسلامی آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور آزادی، حقِ خوداِرادیت کی جدوجہد کے لیے بیس کیمپ آزادکشمیر کو فعال، منظم اور متحرک کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت-بلتستان میں کوئی ایسا اقدام قابلِ قبول نہیں ہوگا جس سے فاشسٹ بھارت کے عزائم کی تکمیل ہوتی ہو۔ لازوال قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔لیاقت بلوچ نے کشمیری رہنمائوں کو یقین دلایا کہ جماعتِ اسلامی مسئلہ کشمیر کو سردخانے میں جانے سے روکے گی۔ مسئلہ کشمیر پر حکمرانوں کی بزدلی اور مجرمانہ غفلت کے اقدامات کی مزاحمت کی جائے گی۔ حقِ خود ارادیت ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے۔ عالمی برادری مجرمانہ غفلت ترک کرے اور بھارتی ناجائز قبضہ میں گِھرے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ختم کرائے۔ عالمی امن کی کنجی مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل میں ہے۔