اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف شرم الشیخ کلائمیٹ امپلی منٹیشن سمٹ میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ پہنچے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلی حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔شرم الشیخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر مصر کے اعلی سطحی سرکاری حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی 27ویں کانفرنس (COP-27) کے ایک حصے کے طور پر ہو رہا ہے۔ COP-27 کی مصری صدر کی دعوت پر وزیر اعظم 8 نومبر 2022 کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز پر ایک اعلی ٰسطح کے گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔
وزیر اعظم اعلی ٰسطح کی تقاریب بشمول اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے آغاز کے لیے گول میز میں بطور سپیکر بھی شرکت کریں گے اور 7 نومبر کو مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم سمٹ کی سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنماں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔