سیاسی اجتماعات میںاداروں کے خلاف تنقید ،ملک میں عدم استحکام پیداکرے گا،جاویدقصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک کو سوچی سمجھی سازش کے تحت بند گلی کی طرف دھکیلاجارہا ہے۔ اعظم سواتی کے معاملے پر فوری تحقیقات ہونی چاہییںاوراصل حقائق سامنے لائے جائیں۔گھناونے وغیر اخلاقی اقدامات کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں۔ سیاسی اجتماعات میں اداروں کا نام لے کر تنقید درست نہیں۔ اس سے ملک کے اندر اضطراب کی کیفیت پیدا ہو گی اور نفرتوں کی آگ پھیلے گی۔ موجودہ صورتحال سے عالمی میڈیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے مگر احتجاج کی آڑ میں املاک کو نقصان پہنچانا اورعوام کے لیے مشکلات پیداکرنا درست نہیں ۔ سیاستدانوں کو عام آدمی کی مشکلات کا ادراک کرنا ہوگا ۔ ملک وقوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک آئین کا احترام اورسیاسی استحکام نہیں آجاتا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام بدحال ہیں کسی کو بھی ان کی پرواہ نہیںمہنگائی بے روزگاری اورلاقانونیت نے حالات کو پہلے سے زیادہ خراب کر دیا ہے۔ جب سے اتحادی حکومت برسراقتدارآئی ہے کوئی ایک بڑا پروجیکٹ بھی مکمل نہیں ہوا ۔ صوبائی حکومیتں اوروفاق کے درمیان چوہے اوربلی کا کھیل جاری ہے ۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ جھوٹے بیانیے دے کر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے حقیقی تبدیلی ناگزیر ہے ۔ سیاسی انتشار،افراتفری کے خاتمے، بے یقینی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری طورپر انتخابی اصلاحات ناگزیر اور ملک و قوم کوعام انتخابات کی طرف جانا ہوگا ۔ ملک وقوم کسی بھی قسم کا محاذآرائی کے نتائج کا متحمل نہیں ہو سکتے اس کے لئے ضروری  ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز دانشمندانہ فیصلے کریں۔