عمران خان کا لانگ مارچ عارضی طور پر رُکا ہے ختم نہیں ہوا،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کا لانگ مارچ عارضی طور پے رُکا ہے ختم نہیں ہوا۔ 3 دن سے ایف آئی آر نہیں کٹی تھانے میں بجلی نہیں، سیاسی درجہ حرارت میں کوئی کمی نہیں آئی ۔

ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ججز انتہائی قابل احترام  ہیں لیکن تفتیشی نہیں ۔ نااہل غیر مقبول حکومت مکمل ناکام ہو گئی ۔ پیمراکی ناکام سینسر شپ میڈیا کیخلاف سازش تھی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ  عمران خان لانگ مارچ براہ راست راولپنڈی سے شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ براہ راست راولپنڈی سے شروع کرینگے، عمران خان 10 سے 15 روز میں براہ راست راولپنڈی پہنچیں گے، اب راستے میں جہلم، گوجرانوالہ، کھاریاں نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تاریخی لانگ مارچ کیلئے راولپنڈی پہنچ رہے ہیں، براہ راست لانگ مارچ کی خبر خان نے دینی تھی لیکن میں نے دیدی۔ اللہ تعالی نے عمران خان کو نئی زندگی دی ہے، عمران خان سے چالیس منٹ ملاقات کی اب وہ کچھ دیر بعد ڈ سچارج ہوجائیں گے، عمران خان کو مارنے کے لئے بڑی سازش کی گئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوسکتے، نوابزادہ نصراللہ کہتے رہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں ہوتے، قوم نے تیراں پارٹیوں کا سیاسی مردہ دفن کر دیا ہے، شہباز شریف کے چہرے کا رنگ انکا افسانہ بتا رہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے، ملک کی ترقی چاہتے ہیں، تھانے میں بجلی نہیں اس لئے ایف آئی آر درج نہیں ہورہی۔ہم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، نسلی اور اصلی پاکستان کی بقا کیلئے عمران خان کے ساتھ ہیں، چور، لٹیرے، کرپٹ، بیایمان عمران خان سے ڈر گئے ہیں، مذہبی انتہا پسندی کی بات کرنے والے ڈرگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرز نے خود کو بچانے کیلئے تنکے کا سہارا لیا،پوری قوم نئے انتخابات کے مطالبے پرعمران خان کے ساتھ ہے۔