اسلحہ اورجتھوں کے زورپر کسی کو ریاست پرقابض ہونے کی اجازت نہیں دیں گے،میاں جاوید لطیف


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیراورپاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہاہے کہ مقبول ہونے کامطلب یہ نہیں کہ آپ ریاست اورقانون سے بالاترہے، اسلحہ اورجتھوں کے زورپر کسی کو ریاست پرقابض ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، ریاستی اداروں پرانگلیاں اٹھانے اورالزام لگانے والوں کو کٹہرے میں لانا حکومت کی ذمہ داری ہے ، عمران خان کی اس کی اصل بیماری ان کے دماغ کی ہے، انہیں ٹانگ سے زیادہ دماغ کے علاج کی ضرورت ہے، دوست ممالک کو جب پاکستان میں سرمایہ کاری پر راضی کیاگیا تو دوبارہ ملک میں عدم استحکام کی کوششیں شروع ہوگئی ہے ، قوم نے عمران خان کا اصلی چہرہ دیکھ لیاہے، ان کی کال پرپورے ملک میں کل 2937 لوگ نکلے ہیں۔

یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پرسوں عمران خان کے کنٹینرپرجو واقعہ ہواہے وہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے مگراس حادثہ سے بیانیہ اورسازش بنانا اس سے بھی زیادہ قابل مذمت ہے۔اس واقعہ کے بعد عمران خان کالوگوں اوراداروں پرالزامات ، فواد چوہدری کا لوگوں کو جلائو گھیرائو کے لیے اکسانا ،اپیلیں کرنا اورباربار بدلہ لینے کے بیانات ، دوصوبوں میں لوگوں کے گھروں پرحملہ آورہونا ،سازش نہیں تو اور کیاہے۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان کی سیاست کو اس نہج پرلے آنا انتہائی افسوناک ہے، 2011 میں عمران خان کولانچ کیاگیا ، اس وقت سے لیکر آج تک ملک میں امن ،سکون ، چین اوراطمینان ختم ہوگیا ۔انہوں نے کہاکہ قوم کوسوچنا چاہیئے کہ ریاستی ادروں کے خلاف شہباز گِل اوراعظم سواتی بولے اوران کے خلاف کارروائی ہوتی ہے تو طوفان برپا ہوتا ہے اور انہیں فوری ریلیف مل جاتاہے مگر دوسری جانب دوست محمد مزاری انتقام کی بھینٹ چڑھتے ہیں اورکوئی اس کا ذکر نہیں کرتا ۔ انہوں نے کہاکہ پرسوں کا واقعہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے، جس کسی نے منصوبہ بندی کی اللہ ان کا بیڑہ غرق کرے مگر جو جھوٹا الزام کسی پرلگائے اللہ ان کا بھی بیڑہ غرق کردے ۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں چارگولیاں لگی ہیں اوروہ زخمی ہیں مگر ہم سمجھتے ہیں کہ سازش اورمنصوبہ بندی فیل ہونے سے زخم ان کے دماغ پرلگے ہیں ۔وفاقی وزیرنے کہاکہ ریاست، ملکی خوداری،لوگوں کی غیرت اوردین ، روایات اورقانون 22 کروڑ عوام کی ریڈ لائن ہے، کسی کویہ ریڈلائن عبورنہیں کرنے دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی کادعوی نظرانداز کرنے والانہیں ہے، عمران خان ریاست کے ساتھ کھیل رہاہے، اس کوکسی کاراستہ روکنے کیلئے لایا گیاتھا اور منصوبہ بندی کے ساتھ دوست ممالک کو ناراض کیاگیا، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں اور نواز شریف کی ہدایت پر دوست ممالک کو جب پاکستان میں سرمایہ کاری پرراضی کیاگیا دوبارہ اس نے ملک میں عدم استحکام کی کوششیں شروع کردی ہیں ، یہ وطیرہ اورچال چلن کوئی محب وطن برداشت نہیں کرسکتا۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کو کوباربارللکارتے ہیں اوراسلحہ لہرالہرا کربدلہ لینے کی بات کی جارہی ہے ، ہم بتانا چاہتے ہیں کہ اسلحہ کادور ختم ہوگیا، ہماری پوری جماعت رانا ثنااللہ کے پیچھے کھڑی ہے ، اسلحہ اورجتھوں کے زورپر کسی کو ریاست پرقابض ہونے کی اجازت نہیں دیں گے ۔میاں جاویدلطیف نے کہاکہ اس واقعہ کی صاف اور شفاف تحقیقات کریں گے اورقوم کوبتائیں گے کہ ایک جھوٹا اورمنافق شخص واقعہ سے فائدہ اٹھاکرپاکستان کونقصان پہنچاناچاہتاہے، عمران خان کی اس کی اصل بیماری دماغ کی ہے، انہیں ٹانگ سے زیادہ دماغ کے علاج کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ خون ریزی سے ملک میں استحکام نہیں آسکتا، قوم نے عمران خان کا اصلی چہرہ دیکھ لیاہے، ان کی کال پرپورے ملک میں کل 2937 لوگ نکلے ہیں ، دوصوبوں میں صوبائی حکومتی سربراہی اورقیادت میں ٹائرجلائے گئے اورلوگوں کے گھروں پرحملے کئے گئے ۔وفاقی وزیرنے کہاکہ عمران کی اصلیت کو قوم پہچان چکی ہے، ان کے کیسز کے فیصلے تین ماہ میں سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں پرانگلیاں اٹھانے اورالزام لگانے والوں کو کٹہرے میں لانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ عمران خان کل جواداکاری کررہاتھا وہ سب کے سامنے ہیں، چھ ماہ پہلے ان کی جماعت کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں تھا،تین ماہ بعد اس کا نام لیوا بھی کوئی نہیں ہوگا۔

ایک سوال پروفاقی وزیرنے کہاکہ عمران خان نے کل خود کہاہے کہ ان کے روابط ہیں، قوم کوپتہ ہونا چاہئیے کو کون لوگ ہیں جو اداروں کوگالیاں دینے والے سے رابطے میں ہیں اور انہیں لائن دے رہاہے، حکومت آئین اور قانون کے مطابق اداروں کا دفاع کریں گی ۔ انہوں نے کہاکہ قران پاک کی آیات کا کسی خاص سیاسی مقصد کیلئے استعمال کے اچھے نتائج نہیں نکلتے ، کوئی ایسی بات نہیں کرنی چاہئیے جس سے کسی کے دینی جذبات مجروح ہوں، مقبول ہونے کامطلب یہ نہیں کہ آپ ریاست اورقانون سے بالاترہے ۔۔