ملک میں امن وامان سمیت سب کچھ داؤ پر لگ گیا،شبلی فراز


لاہور(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں امن وامان سمیت سب کچھ داؤپرلگ گیاہے۔

شوکت خانم میموریل ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ہم قانون کی بالادستی اورچوروں سے نجات کی تحریک چلارہے ہیں اور یہ صرف عمران خان کی جنگ نہیں ، وہ صرف لیڈ کر رہے ہیں جنگ پاکستان کے عوام کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملے کے بعدعمران خان مزیدپرعزم ہوگئے ہیں ان کے حوصلے میں مزیدشدت آگئی کیونکہ عمران خان ایماندار اوردلیرلیڈرہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد کا مقصد ہے کہ جو یہ چوروں اور لٹیروں کی ایک پرسن کی لیڈ سے جان چھڑانا ہے، اس کے لئے وہ پوری طرح سرگرم ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان پرعزم ہیں کہ انہیں ان چوروں اور لٹیروں سے اس ملک اور قوم کو آزاد کرانا ہے۔

سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ عمران خان کی صحت میں بہت حد تک بہتری آئی ہے اور ڈاکٹرز کا بھی کہنا ہے کہ انہیں کل تک گھر منتقل کردیا جائیگا جبکہ دیگر 13 زخمیوں کی حالت بھی اب کافی بہتر ہے ، وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔