اخوان المسلمون مصر کے قائم مقام مرشد عام ابراھیم منیر انتقال کر گئے، سراج الحق کا گہرے دکھ و افسوس کا اظہار


لاہور (صباح نیوز)اخوان المسلمون مصر کے قائم مقام مرشد عام ابراھیم منیر جلاوطنی کے دوران لندن میں انتقال کر گئے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اخوان المسلمون کے قائم مقام مرشدعام استاذ ابراہیم منیر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور اہل خانہ، عزیز و اقارب ،معتقدین اور شاگردوں سے تعزیت کی ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ مولانا ابراہیم منیر نے پوری زندگی امت اور اسلام کی خاطر گزاری۔ جرات اور بہادری سے جیل کی صعوبتوں اور جلاوطنی کی مشکلات کا سامنا کیا اور اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہو گئے۔

ان کی وفات امت مسلمہ کے لیے بڑا نقصان ہے۔ نائب امرا جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور دیگر قائدین نے بھی مرحوم کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی ۔