وزیرآباد(صباح نیوز) سابق وزیرِ اعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملے کے ملزم نوید کا سچ جھوٹ جانچنے کے لیے اس کا پولی گراف ٹیسٹ کرایا جائے گا۔عمران خان پر حملے کا ملزم اور تفتیش محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کے سپرد کر دی گئی۔
عمران خان پر حملے کے مرکزی ملزم نوید کو تفتیش کے لیے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ملزم کو چوہنگ میں قائم سی ٹی ڈی کے سیل میں پہنچا دیا گیا۔ ملزم نوید سے سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں نے پوچھ گچھ شروع کر دی ۔عمران خان پر فائرنگ کے ملزم کے بیان میں سچ جھوٹ جانچنے کے لیے پولی گراف ٹیسٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی یا مقامی تھانے میں درج کیا جائے گا۔
پولی گراف ٹیسٹ کے حوالے سے اکثر افراد کے ذہنوں میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا کوئی مشین جھوٹ سچ کا فیصلہ کر سکتی ہے؟۔پولی گراف ٹیسٹ جسے جھوٹ پکڑنے کا ٹیسٹ بھی کہا جاتا ہے، یہ ایسی مشین کی مدد سے کیا جاتا ہے جو انسان کے جسم میں پیدا ہونے والی مختلف طبعی تبدیلیوں کی مدد سے اس شخص کے جھوٹ یا سچ بولنے کا تعین کرتی ہے۔
پولی گراف ٹیسٹ میں ملزم کے ہاتھوں سے پولی گراف مشین کے تار منسلک کر دیئے جاتے ہیں جو جسم کے افعال چیک کر کے انہیں ریکارڈ کرتی ہے۔