پنجاب میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری


لاہور(صباح نیوز)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)پنجاب نے صوبے میں بارش اور برف باری کا الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائوں کا ایک سلسلہ  ملک میں داخل ہو رہا  جس کے تحت 5 سے 7 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کا امکان ہے۔

اس سسٹم کے تحت گوجرانوالہ، گجرات، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، جھنگ اور فیصل آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی ہوائوں کے سلسلے کے تحت مری، اسلام آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 5 اور 6 نومبر کو موسلا دھار بارش متوقع ہے۔6 نومبر کی شام سے 7 نومبر تک ملتان، ڈی جی خان، بھکر اور لیہ میں درمیانی بارش متوقع ہے۔ساہیوال، اوکاڑہ، راجن پور اور مظفر گڑھ میں بھی بارش ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑوں پر برف باری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

بالائی علاقوں میں دن میں درجہ حرارت میں 5 سے 7، جنوبی علاقوں میں 2 سے 4 سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔بارش کا سلسلہ ختم ہوتے ہی ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہوں گے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بارش سے چاول کی کٹائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم یہ بارش گندم کی بوائی میں فائدہ مند ثابت ہو گی۔