یتیم کشمیری بچوں کی بھارتی منڈیوں میں فروخت پر جنوبی کشمیر میں مقدمہ درج


سری نگر: یتیم کشمیری بچوںکی بھارتی منڈیوں میں فروخت کے انکشاف کے بعد جنوبی کشمیر کے پامپور پولیس اسٹیشن میں  ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے  ۔کے پی آئی  کے مطابق مقبوضہ کشمیر  انتظامیہ نے تمام ڈویژنز میں یتیم کشمیری بچوں کی صورت حال معلوم کرنے کے لیے  فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے ۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ کورونا کی وجہ سے یتیم ہونے والے بچے بھارتی منڈیوں میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ نے مقبوضہ علاقے میں انتہائی ہلچل مچا دی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک غیرسرکاری تنظیم گلوبل ویلفیئر چیری ٹیبل ٹرسٹ جو بچوں اور خاندانی بہبود کے لیے کام کر رہی ہے ایسے یتیم بچوں کو بھارتی بازاروں میں فروخت کر رہی ہے۔

اخبار کے مطابق جب تفتیشی رپورٹر نے این جی او سے وابستہ اسرار امین نامی شخص سے دہلی کے ایک ہوٹل میں رابطہ کیا تو اس نے ایک یتیم بچے کو 75ہزار روپے میں فروخت کرنے کی پیشکش کی جبکہ دو یتیم بچوں کے لیے ڈیڑھ لاکھ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔اس ہوشربا انکشاف نے سوشل میڈیا پر شدید غم وغصے کو جنم دیا ہے اور لوگوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسکی تحقیقات کرے۔ کشمیری صحافی سمیر یاسر جو نیویارک ٹائمز کے لیے بطور رپورٹر کام کرتے ہیں نے فیس بک پر لکھا کہ سرینگر کے علاقے چھانہ پورہ میں ایک یتیم خانے کا ایک غیر کشمیری مالک اس شرمناک سرگرمی میں ملوث ہے جسکے خلاف متعدد شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ادھربچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ماہرین کا خیال ہے کہ کشمیری بچوں کی اس طرح کی بے خوف اسمگلنگ بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتاپارٹی کی بھر پور پشت پنائی کے بغیر ممکن نہیں ہے جو پہلے ہی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو کم کرنے کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک بیان میں کہاکہ”کووڈ کے دوران یتیم ہونے والے بچوں کو غیر قانونی طریقے سے گود لینے اور انہیں فروخت کرنے سے متعلق خبروں کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس جے اینڈ کے شبنم کاملی نے حکام کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد پامپور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔