عمران خان پر فائرنگ،وفاق کا حکومت پنجاب کو جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے مراسلہ،پرویز الہیٰ نے بھی ہدایت کر دی


اسلام آباد/ لاہور(صباح نیوز)عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ میں وفاق کا حکومت پنجاب کو جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے مراسلہ،چوہدری پرویز الہیٰ نے بھی ہدایت کر دی۔

وزیر آباد میں عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ پر وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ لکھ دیا ہے، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں سینیر  پولیس افسران اور خفیہ اداروں کے نمائندوں شامل کیا جائے تاکہ جے آئی ٹی واقعے کی شفاف انکوائری عمل میں لا سکیں۔

وزارت داخلہ نے مراسلہ چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پنجاب اور ایڈشنل  چیف سیکرٹری کو ارسال کر دیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ  آئی جی پنجاب کو اعلی سطح جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جے آئی ٹی میں سی ٹی ڈی کو رکھا جائے گا، واقعہ کے محرکات کا جائزہ لیا جائے۔

چودھری پرویز الہی نے مزید کہا کہ لگتا ہے کہ حملہ کرنے والے ایک نہیں دو بندے ہیں،  ہم جاننا چاہتے ہیں واقعہ کے پیچھے کون ہیں، معلوم کریں گے کہ کن لوگوں نے ملزم کو ٹرینڈ کیا، وہ کیا سوچ ہے جس کے تحت اس لڑکے کو تیار کیا گیا، ملزم کو کتنے پیسے ملے، اسے کہاں سے لایا گیا۔  چودھری پرویز الہی نے مزید کہاکہ اس نے کتنے ہی لوگوں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا ہے،

 فرانزک رپورٹ سے پتہ لگائیں گے کہ پولیس والوں سے کس کا رابطہ تھا، ملزم نے موٹر سائیکل رشتہ داروں کے پاس کھڑی کی، پتہ لگائیں گے کہ اس کے رشتے داروں کا کس سے رابطہ تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیرآباد واقعے کے مبینہ حملہ آور کا بیان لیک کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام عملے کو معطل کردیا، موبائل فونز کے فارنزک کی بھی ہدایت کردی۔

واقعے میں ملوث ملزم کو پولیس نے حراست میں لیا گیا تھا، جس کا ایک ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آیا، جس میں اس کا کہنا تھا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کررہا تھا، اس لئے مارنے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے مبینہ حملہ آور کا ویڈیو بیان لیک کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا، متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

وزیراعلی پنجاب نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ تھانے کے تمام عملے کے موبائل قبضے میں لے لئے گئے، موبائل فونز کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے گا۔ انہوں نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ تحقیقات کرکے محرکات سامنے لائیں گے۔