عمران خان پرحملہ افسوسناک، پرتشدد سیاست کسی صورت قابل قبول نہیں ہوسکتی، ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ تشدد اورنفرت کی سیاست کسی صورت قابل قبول نہیں ہوسکتی عمران خان پرحملہ افسوسناک ہے،پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت او رشہری کا حق ہے تحریک انصاف کے لانگ مارچ پرفائرنگ انتہائی افسوسناک ہے پنجاب حکومت کی نااہلی ہردن عیاں ہورہی ہے وزیراعلی پنجاب پرویزالہی اپنے احتجاجی مارچ کی حفاظت نہیں کرسکے اس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ عام آدمی پنجاب میں کس قدرمحفوظ ہے، جماعت اسلامی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں شخصیات کی پراپرٹی ہیں،نوجوان ترازو کے سفیربن کرجماعت اسلامی کے پشتیبان بنیں۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے راولپنڈی پریس کلب میں نومنتخب امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی کی تقریب حلف برداری اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے صدرجماعت اسلامی لیبرپاکستان شمس الرحمن سواتی،صوبائی صدرالخدمت فاونڈیشن رضوان احمد،سینئرصحافی حاجی نوازرضا، ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش،وائس پریذیڈنٹ چکلالہ کینٹ بورڈ چوہدری چنگیزخان سمیت دیگرعمائدین نے بھی خطا ب کیا۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان، رضااحمدشاہ،محمدتاج عباسی،ممبرکینٹ بورڈ چکلالہ مرزا خالد محمود نائب امرائے ضلع سمیت دیگر ذمہ داران وکارکنان بھی اس موقع پر موجودتھے۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ نادیدہ قوتیں پوری طرح بے نقاب ہوچکی ہیں گملے میں سیاستدان اگاناماضی ہوگیا ملکی اداروں کاتقدس بحال کرنے کے لیے ہرادارے کواپنی حدود میں رہنا ہوگا،آرمی، عدلیہ،الیکشن کمیشن،نیب سمیت دیگراداروں کاآئین میں کردارمتعین ہے ریڈلائن کراس کرنے سے مسائل پیداہوتے اورپاکستان میں ابتری پھیلتی ہے۔تمام سیاسی جماعتوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں کومایوس کیا،نوجوان ترازو کے سفیربن کرجماعت اسلامی کے پشتیبان بنیں آج کے نوجوان کل کے حکمران بنیں گے۔نومنتخب امیرضلع سیدعارف شیرازی نے کہاکہ راولپنڈی کے مسائل حل کرنے میں موثرکرداراداکریں گے شہرمیں خواتین کوتحفظ میسرنہیں، وفاقی دارالحکومت سے متصل ہونے کے باجود ضلع بھرکی صورتحال انتہائی ابترہے منتخب نمائندوں او رضلعی بیوروکریسی کومال بنانے سے فرصت نہیں جماعت اسلامی تمام اداروں کاقبلہ درست کرنے میں اپنا کرداراداکرے گی۔