حکومت کی جانب سے گیس کے بحران کی وارننگ تشویشناک ہے.محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں گیس کی قلت کی وارننگ تشویشناک ہے ۔قلت ملکی بلند ترین سطح پر جانے کے خدشے سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس وقت ملک میں گیس کی طلب 2500ملین کیوبک سے زائد جبکہ سپلائی 1700ملین کیوبک ہے۔ملک بھر میں گیس کا 8سو ملین کیوبک کا شارٹ فال ہے۔ سردیوں میں اضافے کے ساتھ ہی طلب میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔ اگر حکومت وقت نے بروقت اقدام اٹھائے ہوتے تو صورت حال اتنی گھمبیر نہ ہوتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی قلت سے بخوبی آگاہ ہے مگر وہ اس بحران کے جنم لینے سے قبل کچھ نہیں کر رہی ۔ قلت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایران اور روس سے گیس کے حصول کو یقینی بنایا جائے ۔ آنے والے دنوں میں جہاںعوام الناس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، وہاں صنعتیں اور کاروبار بھی متاثر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اور اپوزیشن دونوں کو ہی عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ دونوں ہی اقدار کے حصول کی خاطر محاذ آرائی پر اتر آ ئی ہیں۔ عوام دن بدن مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔ مگر مجال ہے کہ کسی کے کانوں پر جوں تک بھی رینگی ہو۔ ستر برسوں سے جاری فرسودہ نظام نے صرف اشرافیہ کو ہی مضبوط کیا ہے۔ عوام ہر دور حکومت میں پستے چلے آرہے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وفاقی ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی کی شرح میں 4.7فیصد اضافہ ہوا ہے،ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 38فیصد ہوچکی ہے۔ اتحادی حکومت مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کا ایجنڈا لے کر اقتدار میں آئی تھی مگر بد قسمتی سے وہ بھی سابقہ حکومت کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ ملک بھر میں سطح غریب سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی شرح 33فیصد تک جاپہنچی ہے۔