وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پیپسی کو کے وفد کی ملاقات ، حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر شکریہ ادا کیا


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے بین لاقوامی مشروب ساز کمپنی پیپسی کو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر برائے افریقا، مشرق وسطی و جنوبی ایشیا یوجین ولیم سن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود بھی شریک تھے۔ وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قومیں معاشی پالیسیوں کے تسلسل سے بنتی ہیں۔وزیرِ اعظم نے پیپسی کو کی پاکستان سے خطے کے دوسرے ممالک میں برآمدات کو سراہتے ہوئے کمپنی کو پاکستان میں زرعی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ترغیب دی۔ یوجین ولیم سن نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ حکومت کی معاشی، کاروباری و سرمایہ کاری کی پالیسیوں کے تسلسل کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

یوجین ولیم سن نے وزیرِ اعظم کو مزید بتایا کہ پیپسی کو نے سیلاب متاثرین کیلئے 50 لاکھ راشن پیکٹ فراہم کئے جبکہ دنیا بھر میں پیپسی کو کے ملازمین کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے عطیات اکٹھے کرنے کی مہم بھی جاری ہے۔ وزیرِ اعظم نے پیپسی کو کی طرف سے اس مدد کا شکریہ ادا کیا اور کمپنی کی طرف سے زراعت کے شعبے میں جدت لانے کیلئے سرمایہ سرمایہ کاری کو سراہا۔