ناسا نے مسکراتے سورج کی تصویر جاری کردی


نیویارک(صباح نیوز) ناسا نے اس ہفتے سورج کے تین سیاہ دھبوں کے ساتھ ایک الٹرا وائلٹ تصویر کھینچی ہے۔ حال ہی میں ناسا کی سولر ڈائنامکس آبزرویٹری(ایس ڈی او)نے تین سیاہ دھبوں کے ساتھ سورج کی ایک الٹرا وائلٹ تصویر کھینچی ہے جوکہ ایک مسکراتے ہوئے چہرے سے مشابہت رکھتی ہے۔

سورج کی تصویر میں نظر آنے والے سیاہ دھبوں کو کورونل ہولز کہا جاتا ہے، یہ کورونل ہولز اپنے آس پاس کے باقی حصے کی طرح گرم نہیں ہوتے، یہاں سے تیز شمسی ہوا خلا میں جاتی ہے جوکہ ان جگہوں کے ٹھنڈا ہونے کی وجہ ہے۔

دوسری جانب سورج کا یہ مسکراتا چہرہ کسی شمسی طوفان کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے جو زمین کے لیے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔

نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن کے اسپیس ویدر پریڈکشن سینٹر نے ہفتہ کو ایک چھوٹے مقناطیسی طوفان سے بھی خبردار کیا ہے۔ اگرچہ یہ جیو میگنیٹک طوفان آسمان میں شاندار ارورہ پیدا کر سکتا ہے لیکن یہ گلوبل پوزیشننگ سسٹم میں بھی مداخلت کر سکتا ہے اور بجلی کے نظام کے لیے بھی نقصان دے ثابت ہوسکتا ہے۔

جب سے ناسا کی جانب سے مسکراتے ہوئے سورج کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے، صارفین اس تصویر کا موازنہ ہیلووین پارٹیز میں نظر آنے والے کچھ چہروں سے کر رہے ہیں۔