کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ،ممبر بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لاپتہ افرادبہت بڑاانسانی مسئلہ ہے حکومت اور ادارے ،سیکورٹی فورسزنے اس حوالے سے غفلت کا مظاہرہ کرکے نفرت ،مشکلات اور پریشانیاں پیداکی ہیں جگرگوں ،نوجوانوں ،بوڑوں کی گمشدگی کی وجہ سے خاندان کے خاندان تباہ ہوئے اگر عوام کی جان ومال کی حفاظت نہیں تو اربوں کھربوں فنڈزسیکورٹی کیلئے کیوں رکھے جاتے ہیں سیکورٹی ادارے کاروبار میں مصروف اس وجہ سے عوام کی جان ومال محفوظ نہیں۔انسانوں کو لاپتہ ،بارڈرزبند ،کاروبار پر قبضہ ،انٹرنیٹ ،شاہراہ بند کرکے نفرتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
جماعت اسلامی لاپتہ افرادکی بازیابی کے حوالے سے ہرپلیٹ فارم سے جدوجہد کر رہی ہے کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنزکے چیئرمین نصراللہ بلوچ،ماماقدیر بلوچ ،بانک حوران بلوچ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں ملنے والے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ،ڈپٹی جنرل سیکرٹریز پروفیسر سلطان محمد کاکڑ، نورالدین غلزئی بھی موجود تھے،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنزکے وفدکا جماعت اسلامی کے صوبائی دفترآمد کاخیر مقدم کیااور ان کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی وصوبائی قائدین نے ماضی میں بھی لاپتہ افرادکے مسئلے کے حل کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آوازبلند کیا آئندہ بھی ہم ہر قسم کے ممکنہ تعاون کرتے رہیں گے زندہ انسانوں کا غائب ہونا کسی بھی طرح انسانی جمہوری معاشرے میں ممکن نہیں۔
سینٹ وقومی اور صوبائی اسمبلیوں میں جماعت اسلامی کے قائدین نے بلوچستان کے لاپتہ افرادکی بازیابی ،غائب ولاپتہ کیے گیے افرادکی برآمدگی ومنظر عام پر لانے کیلئے اقدامات اُٹھائے ۔اس موقع پروائس فار بلوچ مسنگ پرسنزکے چیئرمین نصراللہ بلوچ،ماماقدیر بلوچ ،بانک حوران بلوچ نے جماعت اسلامی کے امیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم مشکور ہیں کہ جماعت اسلامی نے مسنگ پرسنزکے مسئلے پر کراچی لاہور اسلام آباد میں سیمینار وتقاریب اور پریس کانفرنسزکیے بلوچستان اسمبلی میں لاپتہ افراد کے موضوع پر آوازبلند کرنے پر ہم جماعت اسلامی مشکور ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو مسنگ پرسنزکے حوالے سے آوازبلند کرنا چاہیے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے ذمہداران پاکستان کی سطح پر قومی لیڈرشپ سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ سب کی حمایت حاصل کی جاسکے ۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ خالصتاًانسانی مسئلہ ہے ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہوکرسب کو مل کر آوازبلند کرناچاہیے جماعت اسلامی مسنگ پرسنز کے بچوں کی تعلیم ودیگر ضروریات کی فراہمی میں بھر پور تعاون کرے گی #