پنجاب حکومت کا مزار حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ


لاہور(صباح نیوز)حکومت پنجاب نے حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش کے مزار کی اپ گریڈیشن کا اصولی فیصلہ کر لیا، مزار کے احاطے میں زائرین کیلئے خود کار چھتریاں نصب کی جائیں گی۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس گزشتہ روز لاہور میں ہوا، اجلا س کے دوران حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش کے مزار کی اپ گریڈیشن کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، مزار کے احاطے میں زائرین کے لئے خود کار چھتریاں نصب کی جائیں گی، مزار کے اردگرد برآمدے میں توسیع کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ گرمی کے موسم میں ہزاروں زائرین صحن میں چھتریوں کے سائے تلے بیٹھ سکیں گے، مزار کے اردگرد برآمدے میں توسیع بھی کی جائے گی، توسیع سے زائرین کو سہولت ملے گی،

انڈرگراؤنڈ پارکنگ کو محفوظ بنانے کیلئے ایکسپلسوڈی ٹیکٹو نصب کئے جائیں گے۔ چودھری پرویز الہی نے مزار داتا گنج بخش کمپلیکس کے اردگرد تجاوزات اورناجائز قبضے ختم کرانے کیلئے کارروائی کا حکم بھی دیا، اجلاس کے دوران مزار داتا گنج بخش کے قریب عمودی پارکنگ پلازہ بنانے کی تجویزپر غور، مزار کمپلیکس کے سامنے سڑک عبور کرنیوالے زائرین کیلئے انڈرگرائونڈ یا اوورہیڈبرج بنانے کی تجاویزکا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعلی  نے مزار کمپلیکس کیلئے بوسیدہ واٹر سپلائی تبدیل کرنے کی ہدایت بھی کی۔