گندے انڈے ایک جگہ جمع کرنے سے حقیقی آزادی اور انقلاب نہیں عذاب آتا ہے،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ کرپٹ ٹولے سے نجات ناگزیر ہے، ووٹ کی قوت سے امیرجماعت سراج الحق کو ریاست پاکستان کاامام بناناہی مسائل کا حل ہے جماعت اسلامی نے پاکستان کے نوجوانوں کوحکمران بنانے کیلئے حکمت عملی طے کرلی ،اسلامی، فلاحی خوشحال ریاست کے لیے ہمیں پاکستان کے نوجوانوں پراعتماد ہے ،جماعت اسلامی کے نوجوان ایک سیاسی جماعت نہیں مملکت خداداد کوقائداعظم کے خوابوں کوتعبیردینے والے عظیم الشان لشکرکاہراول دستہ ہیں۔تمام پارٹیوں کے گندے انڈے ایک ٹوکری میں جمع کرنے سے آزادی اور انقلاب نہیں عذاب مقدربنتا ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمران اقتدارکی ہوس میں اندھے ہوچکے ہیں پارلیمنٹ، ، عدلیہ، فوج سمیت احتساب کے اداروں کواپنے مقاصدکے لیے تباہ کرنے والے قوم کے مجرم ہیں اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان اپنا دوست اور دشمن پہچان کردرست سمت میں کھڑے ہوں۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے مینارپاکستان کے عظیم الشان لیڈرشپ یوتھ کنونشن کے قافلوں کے استقبال کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمد، صوبائی صدراویس اسلم مرزا ،صوبائی سیکرٹر ی اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت امرائے اضلاع ودیگرقائدین بھی قافلوں کا حصہ تھے ۔