روس نے یوکرین کی بندرگاہوں سے اناج برآمدگی کا معاہدہ معطل کردیا، دنیا میں گندم کی قلت کا خدشہ


ماسکو(صباح نیوز)روس نے یوکرین کی بندرگاہوں سے اناج کی برآمد کا معاہدہ معطل کردیا جس سے دنیا میں گندم کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں برس جولائی میں روس اور یوکرین نے اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں اناج اور کھاد کی برآمدات کے لیے بحیرہ اسود کی یوکرینی بندرگاہوں کو دوبارہ کھولنے کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

روس اور یوکرین کے مابین ہونے والے معاہدے کے بعد عالمی سطح پر گندم کی قیمت میں پہلی مرتبہ کمی آئی تھی۔ تاہم اب خبر ہے کہ روس نے یوکرین کی بندرگاہ سے اناج برآمد کرنے کا معاہدہ معطل کردیا جس سے گندم کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

روس کے مطابق یوکرین کی جانب سے ہفتے کے روز بحیرہ اسود میں موجود روسی بحرے بیڑے پر 16 ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا تھا، اور اس حملے میں برطانوی نیوی کے ماہرین نے بھی یوکرین کی مدد کی تھی۔روس نے اپنے بحری بیڑے پر حملے کے ردعمل میں اناج کی برآمد کا معاہدہ معطل کردیا جس کے بعد بحیرہ اسود میں یوکرینی بندرگاہوں سے اناج کی برآمد بھی معطل ہو جائے گی۔