موجودہ خلا کو پُر کرنے کے لیے باصلاحیت، ایمان دار اور اہل قیادت سامنے آئے۔ راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں الزام تراشیوں اور ایک دوسرے کو چور چور کہنے کا کھیل جاری، کسی پرتوشہ خانہ اور کسی پر خزانہ لوٹنے کے الزامات لگ رہے ہیں۔ حکمران جماعتیں ایک دوسرے کے بارے میں سچ بولتی ہیں، مگر پورا سچ کوئی نہیں کہتا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں خلا ہے، افراتفری اور بے چینی ہے، حکمرانوں نے باصلاحیت قوم کو ہر لحاظ سے برباد کیا ہے۔ گزشتہ ستر برسوں سے ملک کے ساتھ کھلواڑ ہوا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ خلا کو پُر کرنے کے لیے باصلاحیت، ایمان داراور اہل قیادت سامنے آئے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا مقصد افراد کی تربیت کر کے انھیں لیڈرشپ کے لیے تیار کرنا ہے۔ جماعت اسلامی کے زیرانتظام تربیتی ورکشاپ کا مقصد اسی منزل کے حصول کے لیے کوشش ہے۔ ہم ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں، راشد نسیم نے کہاکہ دین فطرت کے آنے سے ہی پاکستان نہیں بلکہ پور ی دنیا کے مسائل حل ہوں گے۔