لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید پراچہ کی گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات


لاہور(صباح نیوز)نائب امرا جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید پراچہ نے گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی اور مجموعی ملکی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے اور وہ اسی صور ت میں حل ہو سکتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں آپس میں مذاکرات کریں اور سنجیدگی کی راہ اپنائیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو تعلیم کے شعبہ میں بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ تعلیمی نظام میں بہتری لا کر ہی پاکستان کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل ہوا اور اسلامی نظام ہی ملک کی کشتی کو بھنور سے نکال سکتا ہے۔ ملک میں سیاسی افراتفری اور بے چینی کا عالم ہے، حالات میں بہتری کے لیے سیاسی قوتوں کو آپس میں مل بیٹھنا ہو گا۔ آئین و قانون پر عمل داری سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔

گورنر پنجاب نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی رفاہی خدمات کو سراہا۔ بلیغ الرحمن نے سیلاب کے دوران متاثرین کی مدد و بحالی کی کاوشوں کی بھی تحسین کی۔