ملتان(صبا ح نیوز)الخدمت چیرٹی آسٹریلیا ہسپتال ملتان میں لائنز کلب اور کلیپ ٹرسٹ کے اشتراک سے پیدائشی کٹے ہوئے ہونٹ اور تالو کے آپریشن کیلیے چار روزہ فری پلاسٹک سرجری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
کیمپ کی افتتاحی تقریب میں نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، صدر الخدمت ملتان احمد چغتائی، چیئرمین کلیپ ٹرسٹ پاکستان ڈاکٹر غلا م قادر فیاض، صدرلائنز کلب ملتان ڈاکٹر ابوبکر، انچارج الخدمت چیریٹی آسٹریلیا ملتان بورڈ ڈاکٹر ولی مجاہداور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ کسی کے چہرے پر مسکراہٹ لانا بھی صدقہ ہے۔اس کیمپ میں جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے 300 بچوں کے کٹے ہونٹوں اور تالو کی بالکل مفت سرجری کے ذریعے ان کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیری جارہی ہے۔جبکہ بچوں اور ان کے لواحقین کو ہسپتال تک لانے کے لئے ٹرانسپورٹ اور قیام و طعام کی بھی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے۔