وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لانگ مارچ کی مسلسل نگرانی کی ہدایت


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے ہدایت کی ہے کہ  ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ حساس علاقوں میں سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پنجاب پولیس سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز الہی نے کہا کہ لانگ مارچ کے لئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔ پورے روٹ پرامن عامہ برقراررکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ پولیس اور انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائیں۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل انتظامات کیے جائیں۔ کو آرڈینیشن کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کرے اور صورتحال کے تناظر میں اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ دیگر شہروں سے اضافی نفری فی الفور منگواکرروٹ پر تعینات کی جائے، ڈرون اورسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لانگ مارچ کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے لئے کھانے کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔ حساس علاقوں میں سکیورٹی کو مزید سخت کیاجائے۔وزیراعلیٰ پرویز الہی نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکا کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہماری پہلی ترجیح ہے، لانگ مارچ کیلئے جامع سکیورٹی پلان تیار کیا ہے۔ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ کیمروں کی مدد سے پورے روٹ کی نگرانی کی جائے گی۔