سیاست کو پاک صاف کرنے کا واحد حل یہی ہے صاحب کردار سیاست دانوں کی حمایت کریں،امیرالعظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ جب تک سیاست میں کردار، اخلاق، تقویٰ نہیں آئے گا اس وقت تک جمہوریت یرغمال رہے گی اور اسمبلیوںمیں جاگیردار، وڈیروں، اشرافیہ، خاندانی وراثتوں کا راج رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور پریس کلب میں سینئر صحافی، کالم نگار پاکستان فیڈرل آف یونین جرنلسٹس دستور کے صدر محمد نواز رضا کی کالموں کے مجموعوں پر مشتمل کتب روداد سیاست کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن، مجیب الرحمن شامی، سیکرٹری لاہر پریس کلب عبدالمجید ساجد، صدرپنجاب یونین آف جرنلٹس عبدالرحمن بھٹہ، تاثیر مصطفی، علامہ عبدالستار عاصم، حامد ریاض ڈوگر و دیگر بھی موجود تھے۔

امیر العظیم نے کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی سیاست پروان چڑھی، جمہوریت میں ملکوں کو خوشحالی ملی۔ عوام الناس کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوئے، اس کے پیچھے صاحب کردار سیاست دانوں اور ان کا منشور پر عمل درآمد تھا، لیکن پاکستان میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک پوری ٹیم ٹھیک نہیں ہو گی سیاست ٹھیک نہیں ہو گی۔ سیاست کو پاک صاف کرنے کا واحد حل یہی ہے کہ صاحب کردار سیاست دانوں کی حمایت کریں۔ انھوں نے کہا کہ کسی وقت کتابیں پروفیسرز، دینی علوم والے لکھتے تھے لیکن اہل صحافت میں نواز رضا نے اچھی روایت کا آغاز کیا ہے، ان کی کتب سے سیاست، سیاست دان تاریخی اوراق میں محفوظ ہو رہے ہیں۔