الخدمت فاؤنڈیشن اور آئی ایچ ایچ ترکی کے اشتراک سے آرفن بچوں کے اعزازمیں تقریب کاانعقاد


لاہور ( صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجا ب اورآئی ایچ ایچ ترکی کے اشتراک سے آرفن باہمت بچوں اوران کی مائوں کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد کیاگیا جس میں ترکش سفیرکی نمائندگی سرکاری فلاحی تنظیم ٹکاترکی کے کنٹری ہیڈمحسن بالجی نے کی اس موقع پرآرفن بچوں کی 100 باہمت ماؤں کوروزگار کیلئے سلائی مشینیں دی گئیں۔

ریجنل صدر الخد مت شمالی پنجاب رضوان احمدکی زیرصدارت منعقد ہ تقریب میںترکی کے7رکنی وفد کے مہمانوں کے علاوہ نیشنل ڈائریکٹرالخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام بریگیڈئیر (ر) عبدالجباربٹ، امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم،ڈائریکٹرالخدمت آغوش ائیر مارشل (ر) فاروق حبیب،سابق نائب صدرراولپنڈی ویمن یونیورسٹی عالیہ سہیل ،ریجنل ڈپٹی سیکرٹری جنرل الخدمت سیدامجدحسین شاہ سمیت مختلف اضلاع کے ذمہ داران ،ڈونرز،آرفن بچوں اور باہمت مائوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔

محسن بالجی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکی کی دوستی کو75سال مکمل ہوچکے ہم جسدواحدکی مانند ہیں، الخدمت ہرگلی محلے میں خدمت کررہی ہے انسانیت کے خدمت میں ہمارااشتراک جاری رہے گا۔IHHترکی کے عہدیداران نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آرفن بچوں کے چہروں پرمسکراہٹ دیکھنے کے لیے ہم نے پاکستان کا طویل سفرکیازبان سے زیادہ باڈی لینگویج اوراحساسات بہت اہم ہوتے ہیں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کرآرفن بچوں کی آنکھوں میں چمک اور روشنی قائم رکھنے کا مشن جاری رکھیں گے۔

ریجنل صدرالخدمت رضوان احمدنے کہا پاکستان میں 42لاکھ آرفن بچے اپنے حقوق کے لیے خود آواز بلند نہیں کرسکتے الخدمت اہل خیرکے تعاون سے 19ہزار500آرفن بچوں کی کفالت کررہی ہے 190اسٹڈی سینٹرزمیں آرفن باہمت بچوں کے لیے مختلف نوعیت کی ورکشاپس اورسرگرمیاں کی جاتی ہیں ڈونرکوان کی زیرکفالت آرفن بچے کی تعلیم سمیت دیگر کارکردگی سے باخبررکھا جاتاہے آرفن بچوں کی مائوں سمیت ان کے گھرانے کومعاشی طورپرپائوں پرکھڑا کرنے کے لیے روزگارکے لیے بلاسودقرض بھی دیا جارہا ہے ۔