ہرنائی زلزلہ متاثرین کی بحالی کاکام جاری ہے،جمیل احمد کرد


کوئٹہ(صباح نیوز) الخدمت فائونڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد نے کہاکہ ہرنائی زلزلہ متاثرین کی بحالی کاکام جاری ہے گھروں کی تعمیر سمیت راشن وگرم کپڑے اورخیمے بھی تقسیم کیے جارہے ہیں ۔غربت وبے روزگاری کی وجہ سے بلوچستان کے اکثرآبادی کھانے کو ترس ر ہی ہے۔

ان حالات میں انہیں راشن ودیگر بنیادی ضروریات کی انتہائی سخت ضرورت ہوتی ہے ۔سماجی فلاحی تنظیمیں ،مخیر حضرات الخدمت فائونڈیشن کی ہرنائی ریلیف ورک سمیت دیگر اجتماعی فلاحی تنظیموں میں ساتھ دیں تاکہ پریشانی ومشکل میں کمی آسکیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہرنائی میں راشن تقسیم کرنے اور قلعہ سیف اللہ میں فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہرنائی زلزلہ زدگان اب بھی امداد کے منتظر ہیں تباہی زیادہ ہوئی ہیں جبکہ حکومتی یا میڈیا رپورٹس میں کم تباہی دکھائی گئی ۔ہمارے رضاکاروذمہ داران اب بھی ہرنائی کے متاثرہ علاقوں میں سروے وخدمات کے کاموںمیں مصروف ہیں۔ فلاحی سماجی کام کی پہلے کی نسبت اب زیادہ ضرورت ہے ۔سیلاب زلزلہ ودیگر آفتوں کے علاوہ بلوچستان میں فاصلے ،بے روزگاری وغربت زیادہ ہونے کی وجہ سے دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ فلاحی سماجی کاموں کی ضرورت ہے ۔

الخدمت فائونڈیشن یتیموں کی کفالت ،بیوائوں کی ضروریات کی فراہمی ، مساکین کی امداد سمیت طلباء کو اسکالر شپ دینے کیساتھ تعلیم وصحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹس چلارہے ہیں یہ سب مخیر حضرات وبرادر اسلامی این جی اوز کے تعاون سے چل رہے ہیں ۔موسم تبدیل ہونے کیساتھ ساتھ بیماریاں عام ہوگئی ہے اس وجہ سے الخدمت فائونڈیشن نے بھی کچی وغریب آبادی میں مفت طبی کیمپ شروع کیے جس میں مفت ادویات دیئے جاتے ہیں اور ماہرڈاکٹرزمعائنہ وعلاج کرتے ہیں ۔بلوچستان کے تمام اضلاع میں ہمارانیٹ ورک ورضاکار اور ذمہ داران کام میں مصروف رہتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ خیر وفلاح کے ان کاموں میں مخیر حضرات تاجر برادری اور این جی اوز الخدمت فائونڈیشن کا ساتھ دیں ۔