پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا،حناربانی کھر


اسلام آباد(صباح نیوز )جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک تقریب منعقد ہوئی جبکہ ایک دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک احتجاجی واک کی گئی ،جس میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر، مشیر امور کشمیر قمر زماں کائرنہ ،وزارت خارجہ کے افسران،حریت قائدین  اور عملے کے اراکین نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، کشمیری عوام 75 برس سے بھارتی جبر اور ظلم برداشت کررہے ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 سے شروع ہونے والا ظلم آج بھی جاری ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کررہا ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت حنا ربانی کھر نے کہا کہ علاقہ میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر قانونی ڈومیسائل جاری کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو سری نگر میں اپنی فوجیں اتار کرکشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔تقریب کے دوران کشمیر کے بارے میں نغمہ میرے وطن کا اجرابھی کیا گیا، تقریب میں کشمیری عوام کے لئے دعا بھی کی گئی۔

بعد ازاں یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ سے احتجاجی واک  کا آغاز ہوا جس کے شرکا پارلیمنٹ ہائوس کے راستے ڈی چوک تک گئے جہاں صبح دس بجے سائرن بجائے گئے۔ یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ سے ایک ریلی نکالنے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنا تھا۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی واک میں شرکت کی، ریلی میں مشیر امور کشمیر قمر زماں کائرہ، کشمیری رہنما اور دیگر حکومتی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم کے خلاف نعرے درج تھے

مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ واک یہ پیغام دیتی ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے۔انہوں نے کشمیریوں کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کا بھارتی جبر ان کے حق خودارادیت کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور ظلم وتشد د اور فوج میں اضافے سے ان کے حوصلے کمزور نہیں ہوئے ،پاکستان کشمیریوں کی آواز ہر فورم پر اٹھائے گا

قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستانی عوام کے جذبات سے جڑا ہوا ہے اور کسی حکومت نے اس پر سمجھوتہ کرنے کی جرات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 75 سال قبل 80 ہزار فوجیوں کو مقبوضہ کشمیر میں اتارا اور وہاں کے عوام کی مرضی کے خلاف خوبصورت وادی پر قبضہ کر لیا، اب یہ تعداد 10 لاکھ فوجیوں تک پہنچ چکی ہے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے لیکن انہوں نے زور دیا کہ اس سے لوگوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر پاکستان کی ہر حکومت نے اندرون اور بیرون ملک کشمیریوں کی حالت زار پر آواز اٹھائی ہے اور وہ آئندہ بھی اٹھاتی رہے گی۔

ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر اور دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی خواہش اور حق خودارادیت کی جدوجہد کو زیادہ عرصہ تک نہیں دباسکتا۔

انہوں نے کشمیری عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ 75 برس میں بھارتی قابض افواج کا مقابلہ انتہائی دلیری سے بھرپور مقابلہ کیا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے دوران اب تک لاکھوں شہدا نے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے چشم پوشی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو زیادہ دیر تک نہیں دباسکتا،محمود احمد ساغر نے اس مسئلے کو ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھانے کی کوششوں کو مربوط کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ 27 اکتوبر کا دن پر سال یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، 1947 میں اسی روز بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر زبردستی فوجی طاقت سے قبضہ کیا تھا۔