اسلام آباد موٹروے انٹرچینج پر دو کاروں سے 3 من منشیات برآمد


اسلام آباد(صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)کے عملے نے موٹر وے پر اسلام آباد انٹرچینج کے قریب کارروائی کے دوران دو کاروں سے لگ بھگ 120 کلو گرام منشیات برآمد کر لی۔

ترجمان کے مطابق اے این ایف کے عملے نے موٹروے کے اسلام آباد انٹر چینج پر چیکنگ کے دوران 2 کاروں کی تلاشی لی، ان میں سے ایک کار نمبر اے این کے 759 اور اے زیڈ ایس 283سے 103کلو 200گرام چرس اور 16کلو 800گرام افیون برآمد ہوئی۔

ترجمان کے مطابق دونوں کاروں سے 4ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جو ہری پور اور پشاور سے تعلق رکھتے ہیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ان کے عملے نے ایک اور کارروائی کے دوران جی ٹی روڈ پر ترنول کے قریب ایک ٹرک سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی، ٹرک سے برآمد شدہ منشیات میں 120کلو چرس اور 108کلو افیون شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں ٹرک کے ڈرائیور سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزم گولا خان خیبر جبکہ تازہ میر کا تعلق پشاور سے ہے۔ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔