ذیلی تنظیموں کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،شازیہ مری


اسلام آباد(صباح نیوز)تخفیف  غربت و سماجی تحفظ کی وفاقی وزیر محترمہ شازیہ عطا مری نے کہا  ہے کہ ذیلی تنظیموں کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری کوششوں سے زیادہ سے زیادہ غریب مستفید ہو سکیں۔

ٹرسٹ فار والنٹری آرگنائزیشن (TVO) کی جانب سے وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ محترمہ شازیہ عطا مری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ جناب فیصل کریم کنڈی کو تعارفی پریزنٹیشن دی گئی۔ٹی وی او کے سی ای او نے بتایا کہ یہ تنظیم حکومت اور یو ایس ایڈ کے مابین  اسپیشل ڈویلپمنٹ فنڈز (SDF) کے قیام کے معاہدے کے تحت بنائی گئی تھی تاکہ پاکستان میں NGO کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کی جا سکے۔TVO کے بنیادی مقاصد غریبوں کی آمدنی میں اضافہ، خواتین کو بااختیار بنانا، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم تک رسائی ہے۔

معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ TVO کی پاکستان بھر میں نمائندیگی ہے اور تنظیم نے اپنے شراکت داروں کے ذریعے مجموعی طور پر 529 منصوبے نافذ کیے ہیں۔ شرکا کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر پاکستان کے دیہی اور شہری علاقوں میں 1,422 منصوبوں کے ذریعے 1.27 بلین روپے کی فنڈنگ کی گئی ہے۔ ٹرسٹ کو ملک بھر میں 1,204 پراجیکٹ پارٹنرز اور 269 تحصیل نیٹ ورک پارٹنرز کی مدد حاصل ہے اور 15,000 سے زائد رضاکاروں کو معاشرے کے مختلف طبقات سے مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔