اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن ای وی ایم سے نہیں ہوگا،ای وی ایم کی بات کرنے سے پہلے 1200 ارب کے کورونا ریلیف فنڈ میں دھاندلیوں اور چوری کا جواب دیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن ای وی ایم سے نہیں ہوگا، فواد چوہدری نے صحیح کہا الیکشن کرانے کے پیسے دینے سے پہلے عمران صاحب ملک چھوڑ کے جا چکے ہوں گے تو پیسے کیسے دیں گے ؟اگلے الیکشن سے انشااللہ عمران صاحب کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جو بل منظور کرائے گئے وہ کبھی پارلیمان کے کسی فورم پہ نہیں لائے گئے جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔پارلیمنٹ کی تاریخ میں الیکشن اصلاحات کے قانون اِس طرح منظور نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ کہ کورونا فنڈ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور صحت کارڈ میں بائیو میٹرک جو نہ کراسکے، وہ ای وی پر الیکشن کرانے کی بات کس منہ سے کررہے ہیں؟ای وی ایم کی بات کرنے سے پہلے 1200ارب کے کورونا ریلیف فنڈ میں دھاندلیوں اور چوری کا جواب دیں۔