لانگ مارچ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل، پہلے روز کا شیڈول جاری


لاہور (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں، پہلے روز کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اعلان کے بعد لانگ مارچ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ 28 اکتوبر کو شروع ہونے والا لانگ مارچ جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے گا۔

پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز شیخ نے لانگ مارچ کے پہلے روز کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کا آغاز 28 اکتوبر بروز جمعہ کو لبرٹی چوک سے ہو گا اور مارچ کے پہلے روز ہم شاہدرہ تک ہی جائیں گے۔ لانگ مارچ کلمہ چوک سے براستہ فیروز پور روڈ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان لانگ مارچ کے پہلے روز شرکا سے آزادی چوک پر خطاب کریں گے۔امتیاز شیخ نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوسرے روز کا آغاز شاہدرہ چوک سے ہو گا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنے علاقوں میں اشتہاری مہم اور کیمپس لگانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنی پریس کانفرنس میں لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انتخابات نہیں کرائیں گے اس لیے لانگ مارچ کا اعلان کر رہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقی آزادی مارچ ہے اور اس کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہے، جی ٹی روڈ سے براستہ اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسلام آباد لڑائی کرنے نہیں جا رہے اور نہ ہم نے ریڈ زون میں جانا ہے۔