کراچی(صباح نیوز)کراچی میں موجود نیشنل اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا رکھ دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان(این بی پی) سے معاہدہ کر لیا۔ معاہدے پر پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ اور بینک کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے دستخط کیے۔ پی سی بی اور بینک کے درمیان پانچ سال کے لیے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ قومی بینک کا پی سی بی کے ساتھ جڑنا ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسٹیڈیمز مارکیٹنگ کا ایک شاندار طریقہ ہے اور دنیا بھر میں اس کو اہمیت دی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کرکٹ کا گڑھ ہے، نیشنل اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ کی ایک تاریخ ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم پاکستان میں ایک مثال قائم کر رہے ہیں ایسی پارٹنر شپ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوئی ہے۔
اس موقع پر نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی کا کہنا تھا کہ ہماری کرکٹ بورڈ کے ساتھ پارٹنرشپ کی شروعات ہیں، قومی ادارے کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کے رائٹس لینا اعزاز ہے، یہ بورڈ اور بینک مل کر ہی کر سکتے ہیں۔