صدر مملکت کی خاتون اول کے ہمراہ ارشد شریف کے گھر آمد،اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا


اسلام آباد(صباح نیوز)سینیئر صحاف ارشد شریف کی رہائشگاہ اسلام آباد میں سیاسی سماجی و صحافتی برادری کی آمد کا دوسرے روز بھی سلسلہ جار رہا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، خاتون اول، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری اور وفاق وزیر شیر ی رحمان سمیت پی ٹی آئی رہنما لواحقین سے اظہار تعزیت کرنے ان کے گھر پہنچے۔

تفصیلات کے مطابق صحافی ارشد شریف کی اسلام آباد  میں ان کی رہائشگاہ پر دوسرے روزبھی سیاسی، سماجی و صحافتی تنظیوں کے رہنماؤں اور عام شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔صدر مملکت عارف علوی  اور خاتون اول ثمینہ علوی ارشد شریف کے گھر پہنچے۔  ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، سینئر صحافی کے قتل پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ وفاقی  وزیر شیر ی رحمان اور پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری،  ندیم افضل چن اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری بھی ارشد شریف کی رہائش گاہ پہنچے۔ انہوں نے ارشد شریف کی والدہ سے ملاقات کی اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار محمد چوہدری نے کہا ارشد شریف کی شہادت کا دکھ ہے، حکومت چاہے تو کینیا سے انصاف لے سکتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے مراد سعید ، علی زیدی،  شیریں مزاری، ملیکہ بخاری، کنول شوزب اور افتخار درانی نے بھی ارشد شریف کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔  بیرسٹر شعیب رزاق نے ارشد شریف کے گھر والوں سے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا عدالت نے حکومت کو ایک ہفتے میں حوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا ہے۔ ارشد شریف کی موت صرف صحافت نہیں پور قوم کا نقصان ہے۔  سینئر صحافی کا جسد خاکی قطر سے آج  رات 1بجے اسلام آباد پہنچایا جائے گا اور جمعرات کو اسلام آباد میں ان کی تدفین کی جائے گی۔