4 دن گزرنے کے باوجود الیکشن کمیشن فیصلے کی کاپی نہیں دے رہا، اسد عمر


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ 4دن گزرنے اور ہائیکورٹ کی ہدایات کے باوجود الیکشن کمیشن فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی نہیں دے رہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کھل کر جانبداری پر اتر آئی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا مزید خطرہ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کریڈٹ ڈیفالٹ سویپ ریٹ جو عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ پیش کرنے سے پہلے 5 فیصد تھی، اب امپورٹڈ حکومت کی موجودگی میں 53 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ عالمی منڈیوں کے مطابق حکومت کی تبدیلی کے بعد پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین، قانون اور جمہوریت کو روندا جارہا ہے، الیکشن کمیشن آئین کی دھجیاں اڑارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ بے توقیر ہوچکی ہے، عدالت سے فوری انصاف کی ضرورت ہے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، صحافی، رکن اسمبلی، عمر کا بھی خیال نہیں رکھا جاتا، ملک میں فسطائیت کا راج ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ سرکاری گن مین سے فائرنگ ہوئی تو ایم این اے کو کیوں گرفتارکیا؟ ہمارے ورکر کو پکڑنے گئے وہ گھر پر نہیں تھا توبھائی کو لے گئے، ملک میں فسطائیت ہے، جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں۔