منتخب نمائندوں کی تضحیک، پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے منتخب رہنمائوں کی گرفتاری اور غیر مناسب رویئے کے خلاف سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کیا  ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صالح محمد کی گرفتاری کے خلاف شاہراہ دستور پر احتجاج کیا گیا اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر،اسد قیصر، پرویز خٹک اور فواد چودھری سمیت دیگر ریلی کی صورت میں سپریم کورٹ کے باہر پہنچے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم صالح محمد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں وہ منتخب نمائندے ہیں اور پورے علاقے کی تضحیک ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ صالح محمد کو گھسیٹ کر گرفتار کیا گیا اور ان کی تصاویر کھنچوائی گئیں۔ سپریم کوٹ کے سامنے اس لیے آئے ہیں کہ وہ انصاف کی علامت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کا رویہ پوری قوم نے دیکھا اور 25 مئی کو شہریوں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا پوری قوم نے دیکھا۔

صالح محمد، اعظم سواتی، شہباز گل کے ساتھ غیر مناسب روئیے کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رہی ہے اور امید ہے اسلام آباد ہائیکورٹ سے منتخب نمائندے کو انصاف ملے گا۔