پی ٹی آئی اپنے ہی دعوؤں میں پھنس چکی ہے، رانا ثنا ء اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے ہی دعوؤں میں پھنس چکی ہے، انہیں اپنی عزت رکھنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا، عمران کی سیاست الیکشن میں ختم ہو جائے گی، ساری دنیا کوچور کہنے والا خود چوری میں پکڑا گیا۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کیا کرنا ہے اس بات پر پی ٹی آئی کی لیڈر شپ بھی ابھی تک متفق نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جتھہ بنانے اور شہروں پر چڑھائی کر کے اپنے مطالبات منوانے کے طریقہ کار کو فروغ نہیں پانے دیں گے، ٹکراؤ کی پوزیشن کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومتیں لوگوں کو گھروں سے نکالنے کے لیے زور لگا رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست الیکشن میں ختم ہو جائے گی ، کیا کرنا ہے پی ٹی آئی کی لیڈرشپ بھی ابھی تک متفق نہیں ہوئی، یہ اپنے ہی دعوؤں میں پھنس چکے ہیں، انہیں اپنی عزت رکھنے کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کو چور چور کہنے والا خود چوری میں پکڑا گیا ہے۔