سراج الحق کا سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ عدالتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ عدالتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ منصورہ سے جاری ایک اہم بیان میں انھوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ارشد شریف کے کینیا میں قتل سے متعلق قوم تمام حقائق جاننا چاہتی ہے۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف و دیگر قائدین جماعت اسلامی نے ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

سراج الحق و دیگر قائدین نے کہا کہ جماعت اسلامی آزادی اظہار پر پابندی کے شدید مخالف ہے اورہم صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صحافت سمیت آزاد پارلیمنٹ، عدالتیں، الیکشن کمیشن، ملک کی ترقی کے لیے لازم ہیں۔ قانون کی بالادستی کے قیام اور اسلامی فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔