ارشد شریف کے قتل پر کسی کو سیاست کرنے کی ضرورت نہیں،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے قتل پر کسی کو سیاست کرنے کی ضرورت نہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کی والدہ کو تعاون کا یقین دلایا ہے،واقعے کے اظہار کے لئے الفاظ نہیں۔وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے مرحوم ارشد شریف کے گھر پہنچیں جہاں انھوں نے سینئر صحافی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا،

اس موقع پر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی افسوسناک واقع ہے، اس واقعے کے اظہار کے لئے الفاظ نہیں۔  انہوں نے کہا کہ نیروبی سے ایک گھنٹہ دور ارشد شریف سفر کر رہے تھے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق ان کو روکا گیا۔ کینیا کی حکومت کی طرف سے سرکاری معلومات کا آنا ضروری ہے، اب تک کینیا حکومت نے بیان جاری کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ارشد شریف کی میت کی شناخت کر لی گئی ہے، مورچری میں دفتر خارجہ کے افسران موجود ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو احکامات دیے ہیں، کینیا پولیس سے رابطے کی ہدایت کی ہے اور وزارت خارجہ کو میت کی جلد واپسی کی بھی ہدایت دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ارشد شریف کی والدہ کو تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ارشد شریف کے قتل پر کسی کو سیاست کرنے کی ضرورت نہیں۔