شہباز شریف کا کینیا کے صدر کو فون، ارشد شریف کی میت جلد واپسی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی درخواست


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا کینیا کے صدر کو فون،سینئر صحافی ارشد شریف کی میت جلد وطن واپسی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی درخواست کی۔ولیم روٹو نے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کیا ہے،  وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے پاکستانی سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر بات کی، وزیراعظم نے واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیتے ہوئے پاکستانی قوم اور میڈیا برادری کی جانب سے واقعے پر شدید تشویش سے کینیا کے صدر کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہبا ز شریف نے مرحوم ارشد شریف کی میت کی جلد وطن واپسی کے لئے ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ،کینیا کے صدر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔کینیا کے صدر  نے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مرحوم ارشد شریف کی میت کی واپسی کے عمل کو تیز بنایا جائے گا۔