سینئر صحافی ارشد شریف کا قتل،سیاستدانوں کا اظہار افسوس


اسلام آباد(صباح نیوز) سینئر صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل پر پاکستان کے بڑے سیاستدانوں نے اظہار افسوس اور تعزیت کی ہے۔ وزیرخارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینئر صحافی ارشد شریف کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کا ناقابل یقین واقعہ انتہائی صدمے کا باعث ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل پاکستان کی صحافی برادری کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے، میں سانحے پر ورثا، صحافی برادری اورمداحوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ارشد شریف قتل کے معاملے میں وزارت خارجہ کینیا کے حکام سے رابطے میں ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صحافی ارشد شریف کے انتقال پر اظہار اور تعزیت کیا۔ عمران خان نے صحافی ارشد شریف کی والدہ اور اہل خانہ سے ملاقات بھی کی، ارشد شریف کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کا بیرون ملک قتل افسوسناک اور قابل مذمت ہے، مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ مولانا فضل الرحمان نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کیدرجات بلند فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائیں، اور اہل خانہ کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔

مسلم لیگ ق کے صدر اور سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت اور ان کے صاحبزادے شافع حسین نے بھی سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک بے باک اور تحقیقاتی صحافت کرنے والے سچے پاکستانی سے محروم ہوگیا۔ چوہدری شجاعت نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہلخانہ صبر جمیل عطا کرے۔