عمران لانگ مارچ کی کال منسوخ کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں،شیری رحمن


کراچی(صباح نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ عمران لانگ مارچ کی کال منسوخ کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں،عمران خان نے پہلے حکومت اور اب پارٹی چلانے کی ذمہ داری بھی دوسروں پر ڈال دی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ عمران خان کے بیانات سے لگتا ہے ان سے زیادہ بے بس کوئی نہیں، پہلے عمران خان نے کہا وہ بے اختیار وزیرِ اعظم تھے، اب کہتے ہیں 2018 میں پارٹی کے ٹکٹ بھی کسی اور نے دیئے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی بے اختیاری نہیں نااہلی ہے، جسے توشہ خانہ چوری کیس میں نااہل کیا گیا وہ اب بھی مخالفین کو چور کہہ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹسز اور غلط بیانی کے مرتکب ہوئے ہیں، انہوں نے چوری کی، پھر غلط بیانی کر کے چھپانے کی کوشش کی۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ عمران خان کس منہ سے آصف زرداری اور دیگر کا نام لے رہے ہیں؟ وہ آج بھی الیکشن کمیشن کے نااہل کرنے کا اختیار چیلنج کر رہے ہیں، وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے عدالت نہیں گئے، پی ٹی آئی چیئرمین اپنے خلاف قانونی کارروائی روکنا چاہتے ہیں۔

شیری رحمن نے کہا کہ عمران خان نے چوری نہیں کی اور بے قصور ہیں، تو تلاشی سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ وہ صرف اداروں اور فیصلوں پر اثرانداز ہونے کے لیے لانگ مارچ کی دھمکی دے رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں لوگ ان کے ذاتی سیاسی مفادات کے لیے نہیں نکل رہے، پی ٹی آئی چیئرمین 6 ماہ سے لانگ مارچ کی کال منسوخ کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔