ارشد شریف کے قتل پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا اظہار افسوس


اسلام آباد(صباح نیوز) سینیئرصحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد شریف کا قتل پاکستان میں آزادی رائے، انصاف اور جمہوریت کا قتل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بے مثال صحافی اور دوست ارشد شریف کے قتل کی خبر پر گہرے صدمے اور گہرے دکھ کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ نہیں۔

دوسری جانب اپنے ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کی خبر پر دل خون لہو لہو ہے، ظلم حد پار کر گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے ارشد شریف کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی موت کی خبر سن کر بہت صدمہ ہوا، اللہ جنت نصیب کرے۔

مراد سعید نے اپنے ٹوئٹر پر ارشد شریف کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا وارث شہادت کے رتبے پر فائز، تمام عمر کی ایذا نصیبیوں کی قسم، تیرے قلم کا سفر رائیگاں نہیں جائے گا

۔ترجمان وزیر اعلی پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل پاکستان میں آزادی رائے، انصاف اور جمہوریت کا قتل ہے، ان کا قتل افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے، ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ارشد شریف آزادی صحافت کے علمبردار تھے، حق، سچ، صحافتی اقدار اور اصولوں پر مبنی صحافت انکی پہچان تھی۔

فیاض الحسن نے مزید کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں پوری پی ٹی آئی جماعت ارشد شریف کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، ان کی گرانقدر صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، ان کو سیکیورٹی دینے کیلئے کوئی تیار نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ارشد شریف نے مجھے بتایا کہ وہ لوگ دبئی بھی پہنچ گئے ہیں،

انہوں نے بتایا کہ اب اسے دبئی بھی چھوڑنا پڑرہا ہے، انہوں نے اپنی حفاظت کیلئے کسی کو نہیں بتایا کہ کہاں گیا ہے۔ شیریں مزاری نے مزید کہا کہ ارشد شریف قتل کی تحقیقات ہونی چاہیے، ان کے قتل کی ایف آئی آر پاکستان میں بھی درج ہونی چاہیے، ارشد شریف قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔