کراچی، موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کردی،وکیل جاں بحق


کراچی (صباح نیوز)کراچی کے علاقہ گلستان جوہر بلاک13میں عائشہ مسجدکے قریب کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہائی کورٹ کا وکیل جاں بحق ہو گیا۔

جاں بحق وکیل کی شناخت40سالہ عرفان علی مہر کے نام سے ہوئی ہے۔ عرفان علی مہر سندھ بار کونسل کے رکن تھے اور گذشتہ ایک برس سے سندھ بارکونسل میں سیکرٹری کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ نامعلوم موٹر سائیکل سوار کار پر فائرنگ کے بعد موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مقتول اپنے بچوں کو سکول چھوڑنے جارہا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق وکیل کاقتل ٹارگٹ کلنگ کاواقعہ لگتا ہے۔ واقعہ کے نتیجہ میں عرفان مہر شدید زخمی ہو گئے تھے اور انہیں ریسکیو حکام اور پولیس نے کراچی ایک نجی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کردی ہیں۔