اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کے شفاف انعقاد کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ناگزیر ہے، آئندہ انہی انتخابات کیلئے فنڈ دے سکیں گے جو ای وی ایم پر ہوں گے، این اے 133 کی ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی مبینہ خریدوفروخت پر تشویش ہے، کورونا کی نئی قسم عالمی سطح پر تیزی سے پھیل رہی ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل نے کووڈ کے نئے وائرس کے بارے میں کابینہ کو بریفنگ دی ۔ کورونا کا نیا ویرینٹ اورمیکرون بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور دس گنا زیادہ رفتار سے پھیلتا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ موجودہ ویکسین اس پر کس قدر اثر انداز ہوتی ہے ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ یہ جاننے کیلئے دو سے تین ہفتہ لگیں گے ۔ کابینہ نے صوبائی حکومتوں اورعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ویکسی نیشن فوری مکمل کروائیں ۔ امید ہے کہ ہم اس پانچویں لہر کو کامیابی سے شکست دے لیں گے۔ عوام ماسک کا استعمال جاری رکھیں۔ ویکسین لگوانا بھی بہت ضروری ہے اس سے پہلے پاکستان نے کورونا کے خلاف بڑی شاندار جنگ لڑی ہے ۔
فواد چوہدری نے کہاکہ کابینہ میں ای وی ایم پر بھی بات ہوئی ہے ہم سمجھتے ہیں الیکشن کمیشن کو اگلے ضمنی الیکشن ای وی ایم پر کروانے لازمی ہیں۔ وزیر قانون کا یہی خیال ہے کہ حکومت بادی النظر میں الیکشن کمیشن کو تب ہی الیکشن کیلئے فنڈ دے سکے گی جب الیکشن ای وی ایم پر ہوں گے ہم آئندہ انہی انتخابات کیلئے فنڈ دے سکیں گے جو ای وی ایم پر ہوں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اس طرف بھرپور طریقے سے آگے بڑھے۔ شفاف الیکشن کیلئے ای وی ایم کا استعمال بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ کابینہ نے لاہور حلقہ 133 میں ووٹ خریدنے کی ویڈیو پر بڑی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا مضبوط اورمتحرک ہونا بہت ضروری ہے اس کا کام نظر آنا چاہیے الیکشن کمیشن کو لاہور اور سینیٹ کے انتخابات میں ووٹوں کی خریدوفروخت کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔ کسی بھی جمہوری ملک میں حکومت سازی کیلئے شفاف انتخابات انتہائی اہم ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دئیے جارہے ہیں۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے ایک ماہ میں چینی کی قیمت میں 60 روپے سے زیادہ کمی ہوئی ہے۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.67 فیصد کمی آئی ہے ۔بدقسمتی سے کراچی اورحیدر آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ صوبے کے معاملات درست کرنے پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہاکہ رواں سال چاول کی 90 لاکھ ٹن ریکارڈ پیداوار ہوئی اب 4.75 ارب ڈالر کا زرمبادلہ متوقع ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1100 جبکہ سندھ میں 1400 سے زائد ہے ۔ اس وقت عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت 10500 روپے فی تھیلا ہے پاکستان میں اس کی قیمت1700 روپے فی تھیلا ہے۔سندھ میں یوریا پر کھاد کی ذخیرہ اندوزی ہورہی ہے جس سے پنجاب کا کاشتکار متاثر ہورہا ہے۔ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پٹرولیم ڈویژن نے کابینہ کو ذیلی اداروں میں ایم ڈی او سی ای او کی خالی آسامیوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔4 آسامیاں خالی ہیں ان پر تعیناتی کا عمل جاری ہے۔ سرین ایئر اور پرسٹی جٹ اور پی آئی اے سی ایل کو قومی ہوا بازی پالیسی 2019 کے تحت لائسنس کی تجدید کی گئی ہے۔ کابینہ نے وزارت ہوا بازی کی سفارش پر سول ایوی ایشن اتھا رٹی رولز کے تحت ہوائی اڈوں کے اطراف میں قائم بلند عمارتوں کی حد مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ بلیو ایریا میں عمارتوں کی بلندی کی حد 1ہزار فٹ مقرر کی گئی ہے۔
کابینہ نے امین اسلم کو ہدایت کی ہے کہ سموگ کے خاتمے کیلئے طویل المدتی پالیسی لائیں ۔ وزارت کامرس کی سفارش پر کابینہ نے پاکستانی سفارتخانے تہران میں تعینات عملے کو ہارڈ شپ پالیسی کے تحت وطن واپسی پر ذاتی استعمال کی گاڑیاں درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔ تبلیغی جماعت پاکستان آنے کیلئے ویزے کی مدت 120 دنوں سے بڑھا کر 150دن کردی گئی ہے۔ پاکستان میں اجتماع پر آنے والے غیر ملکیوں کو ای ویزے کی سہولت دے دی گئی ہے ۔ ای او بی آئی کے چیئرمین کی تعیناتی کے قواعد کی منظوری دی گئی ہے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرکو لائسیسز دئیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کو منظور کیا گیا ہے ۔ سی این جی سیکٹر کو یکم دسمبر 2021 سے 15 فروری 2022 تک بند کیا جارہا ہے ۔ پورے پاکستان میں صرف 28 فیصد لوگوں کو گیس میسر ہے۔ 78 فیصد لوگوں کو یہ سہولت میسر نہیں۔ وزیراعظم نے ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ آئی پی پی اور کھاد فیکٹریوں کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ ایکسپورٹ سیکٹر کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔
ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹ کو 5فیصد اضافی گیس دی جائے گی۔سی این جی ، سیمنٹ اور کیپٹو پاور سے بچنے والی گیس کو گھریلو صارفین کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ آئی ٹی این ای اور چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان کی تعیناتیوں کیلئے سلیکشن بورڈ قائم کیا گیا ہے ۔ کابینہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تیونس اور افغانستان کو امداد کی منظوری دی ہے ۔
افغانستان کو 50 ہزار میٹرک ٹن گندم بھیجی جائے گی۔ محمد سلیم کو نیا چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔ او آئی سی ممالک کے وزراء خارجہ کا خصوصی اجلاس پاکستان میں منعقد ہوگا۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ رانا شمیم بیان حلفی کا معاملہ ن لیگ کی ایک سازش ہے۔ احساس پروگرام میں بہت سے افراد کو پیسے جاری ہوئے مگر وہ لینے نہیں آئے۔