عام انتخابات اکتوبر2023 میں ہونگے ، احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عام انتخابات اکتوبر2023 میں ہونگے ،  خان صاحب بھارت اورکالعدم ٹی ٹی پی  سے بات کرسکتے ہیں مگرحکومت سے نہیں،  لشکرکشی کی اجازت نہیں، حکومت ریڈزون کا دفاع کرے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے چارسال تک سی  پیک کورول پیک کیا، پی ٹی آئی وزرا نے منصوبے کومتنازعہ بنانے کی کوشش کی ،آئی ایم ایف پروگرام رکوانے میں بھارت اورعمران خان ایک پیج پرتھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پھرلانگ مارچ پراترآئے ، واضح کردوں انتخابات اکتوبر 2023 میں ہونگے۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کی تقرری سیاسی نہیں انتظامی معاملہ ہے ،خان صاحب بھارت اورکالعدم ٹی ٹی پی سے بات کرسکتے ہیں مگرحکومت سے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جلسوں کیلئے جگہ مختص ہے تاہم اگرلشکرکشی کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ حکومت ریڈزون کا دفاع کرے گی۔